ٹرمپ دوبارہ امریکی صدر بنے تو ان کا پہلا اقدام کیا ہوگا؟

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگر 2024 میں دوبارہ امریکا کے صدر منتخب ہوئے تو ترجیحات کیا ہوں گی یہ سب امریکی میڈیا سامنے لے آیا۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کا صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کر رکھا ہے اور کئی قانونی معاملات میں الجھے ہونے کے باوجود ان کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں جب کہ ری پبلیکنز کی جانب سے بھی وہ صدارتی الیکشن کی نامزدگی کی دوڑ میں سر فہرست ہیں۔

ٹرمپ اگر دوبارہ امریکی صدر بنے تو ان کی ترجیح بغیر دستاویزات مقیم لاکھوں افراد کو ڈی پورٹ کرنا بھی ہوگی جب کہ بعض مسلم ممالک پر دوبارہ پابندی لگانے کی بھی تیاری کر لی گئی ہے۔ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کے نکات امریکی میڈیا سامنے لے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ سال ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ امریکی صدر بننے کی صورت میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کر کے بغیر دستاویزات کے افراد کو واپس بھیجا جائیگا۔

دوسری جانب صدربائیڈن کی انتخابی مہم نے ٹرمپ کے منصوبے کو ظالمانہ اور نسل پرستی پر مبنی قرار دے دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں ڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر آصف ریاض قدیر کہتے ہیں کہ ٹرمپ کےمنصوبوں سے پہلے بھی فائدے کے بجائے نقصان ہوا جب کہ ریپبلکنز رہنما ساجد تارڑ کا کہنا ہے کہ امیگریشن بحران امریکا کیلیے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔