2018 کی روایت کو دہرایا گیا تو انتخابات کو قبول نہیں کریں گے، جے یو آئی (ف)

2018 کی روایت کو دہرایا گیا تو انتخابات کو قبول نہیں کریں گے، جے یو آئی (ف)

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے اعلان کیا ہے کہ 2018 کی روایت کو دہرایا گیا تو پھر انتخابات کو قبول نہیں کریں گے اور پہلے سے زیادہ مزاحمت کریں گے۔

عبدالغفور حیدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جے یو آئی کے مرکز نے صوبوں کو سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی اجازت دی ہے، لیکن ملکی سطح پر ابھی کسی جماعت سے اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے کبھی اسلام کی بات نہیں کی، جس آئین کی ہم چوکیداری کرتے ہیں یہ اسلامی ہے، ہمیں باہر سے کوئی چیز لینے کی ضرورت نہیں آئین کو سامنے رکھتے ہوئے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتے ہیں۔

رہنما جے یو آئی (ف) نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں آئین بنا لیکن ملک میں اسلامی تعلیمات پر عمل نہیں ہوا، بینظیر بھٹو دو بار وزیر اعظم بنیں اسلامی تعلیمات پر عمل نہیں ہوا، نواز شریف 3 مرتبہ وزیر اعظم بنے مگر اسلامی تعلیمات پر عمل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اکثریت میں آئے تو آئین کے مطابق قرآن و سنت کا نظام نافذ ہوگا، 75 سال تک عوام نے انتظار کیا کہ آج اسلام آئے گا، ان ظالموں نے ملک کو عیاشیوں کے بھینٹ چڑھا دیا۔

عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کا منشور اسلامی منشور ہے، ہم مزدور کی تنخواہ 50 ہزار روپے کریں گے، لوٹ مار، رشوت اور کمیشن ختم کریں گے جبکہ لٹیروں کو جیلوں میں ڈالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اکثریت ہوتی تو ملک ترقی پر گامزن ہوتا، ہماری قوم عظیم ہے لیکن نااہل لوگو ں مسلط کیا گیا، ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں وہ وعدے کہاں گئے۔