کمال آر خان کی ’ٹائیگر 3‘ پر شدید تنقید، قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی

کمال آر خان کی ’ٹائیگر 3‘ پر شدید تنقید، قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی

ممبئی: بھارتی فلموں کے ناقد کمال آر خان نے سلمان خان اور کترینہ کیف کی آج ریلیز ہونے والی ایکشن سے بھرپور فلم ’ٹائیگر 3‘ کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

کمال آر خان بالی وڈ فلموں میں منفی تبصرے کرنے کیلیے مشہور ہیں۔ ماضی میں انہوں نے سلمان خان کی فلموں کو خوف تنقید کا نشانہ بنایا جس کے باعث انہیں قانونی کارروائیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

فلمی ناقد نے آج سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ’ٹائیگر 3‘ پر تبصرہ کیا۔ کمال آر خان نے پلیٹ فارم پر اپنے متعدد ٹوئٹس میں فلم کی کہانی اور پروڈیوسر پر تنقید کی۔

کمال آر خان نے فلم کے پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پاکستان کی سیاسی صورتحال پر فلم بنانا چاہتے تھے تو آپ کو ہندی فلم ٹائیگر 3 کے بجائے پاکستانی فلم پروڈیوس کرنا چاہیے تھی، آپ نے میرا پیسہ، وقت اور قوت ضائع کی، میں اس کے خلاف کنزیومر کورٹ میں ضرور کیس کروں گا۔

انہوں نے لکھا کہ میں ٹائیگر 3 دیکھنے گیا کیونکہ مجھے لگا فلم کی کہانی بھارت کے بارے میں ہوگی، اگر مجھے معلوم ہوتا کہ کہانی پاکستان سے متعلق ہے تو کبھی سینما گھر نہیں جاتا کیونکہ مجھے پاکستان کے بارے میں بننے والی فلم دیکھنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

آدتیہ چوپڑا کو مخاطب کرتے ہوئے کمال آر خان نے کہا کہ مجھے یہ کیوں جاننا چاہیے کہ بینظیر بھٹو کیسے وزیر اعظم بنیں، کیسے حکومت کی اور کس نے انہیں قتل کیا؟ اگر آپ ہمارے لوگوں کو ایسی فلم دکھانا چاہتے ہیں تو آپ کا دماغ خراب ہے۔

کمال آر خان نے لکھا کہ آدتیہ چوپڑا نے ٹائیگر 3 میں ہریتک روشن کی موجودگی کے بارے میں بھی جھوٹ بولا، فلم میں صرف شاہ رخ خان نظر آئے اور وہ بھی چند لمحوں کیلیے۔