اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں، وزارت خزانہ فنانسنگ گیپ میں کمی کے لیے متحرک ہو گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی سے ڈھائی ارب ڈالرز فنانسنگ گیپ کم ہو جائے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح مذاکرات کا آج دوسرا روز شروع ہوگا، بیرونی فنانسنگ سے متعلق آئی ایم ایف نے اپنے تحفظات دور کرنے کے لیے پاکستان کے دوست ممالک سے رابطے شروع کر دیے ہیں، فنانسنگ گیپ پورا کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو مطمئن کرنا ضروری ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزرات خزانہ آئی ایم ایف کے تحفظات دور کرنے کے لیے پرامید ہے، رواں مالی سال کے لیے تقریباً 6.5 ارب ڈالرز بیرونی فنانسنگ گیپ کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تاہم کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی سے ڈھائی ارب ڈالرز فنانسنگ گیپ کم ہو جائے گا، اور تقریباً 4 ارب ڈالرز کا گیپ رہ جائے گا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کا اہم مرحلہ آج سے شروع ہو گا
رواں مالی سال درآمدات ہدف سے تقریباً 5 ارب ڈالرز کم رہنے کا تخمینہ ہے، درآمدات 58.7 ارب ہدف کے مقابلے 54 ارب ڈالرز رہنے کا امکان ہے، رواں مالی سال 30 ارب ڈالرز برآمدات کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا، جب کہ ترسیلات زر 30 ارب ڈالرز سے زیادہ رہنے کا تخمینہ ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال اوسط 21 فی صد مہنگائی کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا، اور معاشی شرح نمو کا 3.5 فی صد ہدف حاصل کیے جانے کی توقع ہے۔