دادا نے گاڑی پارک کرتے ہوئے معصوم پوتے کی جان لے لی

حیدر آباد ٹریفک حادثہ

بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جب دادا نے اپنی گاڑی پارک کرتے ہوئے انجانے میں گاڑی اپنے ڈیڑھ سالہ پوتے پر چڑھا دی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب موڑ کاٹتے ہوئے دادا نے گاڑی غلطی سے ننھے بچے پر چڑھا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک حادثہ 10نومبر کو پیش آیا تھا، حادثے میں مرنے والے بچے کی شناخت مستول جشن کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر ڈیڑھ سال بتائی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گھر میں لگے سی سی ٹی وی سے پتہ چلا ہے کہ جس وقت بچے کے دادا گاڑی کو پارک کررہے تھے اس وقت بچہ سامنے آگیا اور دادا نے لا علمی میں گاڑی بچے پر چڑھادی، جس کے باعث معصوم بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ واقعے کا علم ہونے پر بچے کے دادا فوراً بچے کو ریسکیو کرنے کے لئے بھاگے، مگر مستول جشن نامی معصوم بچہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکا تھا۔

دوسری جانب اترپردیش کے آگرہ میں واقع برہما کماری آشرم میں دو سگی بہنوں نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، خودکشی کرنے قبل دونوں بہنوں نے آشرم کے واٹس ایپ پر ایک خودکشی نوٹ بھی بھیج دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں بہنوں نے اپنی خودکشی کا ذمہ دار آشرم کے چار ملازمین کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

مذکورہ واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر کن حالات میں ان بہنوں کو خودکشی جیسا انتہائی قدم اٹھانا پڑا۔

دونوں بہنیں آگرہ کے جاگنیر میں واقع برہما کماری آشرم میں رہائش پذیر تھیں، دونوں نے خودکشی کرنے سے پہلے آشرم کے واٹس ایپ پر ایک خودکشی نوٹ بھیجا تھا۔

رپورٹس کے مطابق خودکشی نوٹ میں دونوں بہنوں نے موت کے لیے آشرم کے چار ملازمین کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ان کی موت کے بعد آشرم کو غریب بچوں کی تعلیم کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔