ممبئی: بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ اگر بھارت میں کھیل رہے ہوں تو ہر جگہ سے ایک ہی آواز آتی ہے کہ میچ جیتنا ہے، سنچری بنانی ہیں، وکٹیں لینی ہیں۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کل مدمقابل آئیں گی، میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔
سیمی فائنل سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما نے کہا کہ بڑے میچ کا پریشر ہوتا ہے لیکن ہم نے اتنی کوشش کی ہے کہ پریشر کو سائیڈ میں رکھ کر گیم پر فوکس کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ گیم پر فوکس کریں اور میدان میں اچھی کرکٹ کھیلیں۔
روہت شرما نے کہا کہ ہاردک انجرڈ ہوئے تو ہمارا کمبی نیشن تبدیل ہوا لیکن ہماری کوشش یہی تھی کہ باقی بولرز سے کیسے بولنگ کروائیں، آخری میں میچ اس طرح بن گیا کہ مختلف بولرز کو آزمایا۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ ٹیم کا ماحول کافی اچھا ہے، آسٹریلیا میں پچھلا ورلڈ کپ کھیلا تھا ہم نے وہاں پر کیمپ لگایا تھا، وہاں بھی تھوڑا کرکٹ سے دور گئے تاکہ ماحول تبدیل ہو اور میدان میں جانے کے بعد گیم پر فوکس کریں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے 9 میچز میں ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی اور سارے میچز میں مختلف اسٹرٹیجی اپنائی جس سے ٹیم کی کامیابی میں مدد ملی۔
روہت شرما نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی ویڈیو دیکھیں ہیں جس میں ان کی خوبی اور خامیوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔