آج سے قومی شاہراہوں پر اوور لوڈ گاڑیوں کو کن سزاؤں کا سامنا کرنا ہوگا؟

کراچی: موٹر ویز اور ہائی ویز پر مقررہ حد سے زائد وزن والی مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز ہوشیار ہو جائیں، آج سے خلاف ورزی پر انھیں جرمانے اور قید کا سامنا کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آج 15 نومبر سے قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر اوور لوڈنگ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں اضافی سامان کے ساتھ گاڑی کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کے مطابق مقررہ حد سے زائد وزن لے جانے والی گاڑیوں کے ذمہ داران کو بھاری جرمانے اور قید کی سزا بھگتنا پڑے گی، اوور لوڈڈ گاڑیوں کا اضافی سامان بھی ضبط کیا جائے گا۔

ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے کہا ہے کہ اوور لوڈنگ زندگی، گاڑی اور سڑک تینوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے، ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم کا سختی سے نفاذ آج سے ہو گیا ہے، اضافی لوڈ کے قانون کی پابندی کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔