وسیم اکرم نے نسیم شاہ کو اہم مشورہ دے دیا

وسیم اکرم

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو انجری سے واپسی کے بعد اہم مشورہ دے دیا۔

اے اسپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ نسیم شاہ کی کندھے کی انجری ہے جس کا آپریشن ہوا ہے، میرا بھی 97 میں کندھے کا آپریشن ہوا تھا جس کے تین ماہ بعد میں نے بولنگ شروع کی تھی تو درد تھا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ آپریشن کے بعد ٹھیک سے بولنگ کرنے میں چھ مہینے لگے تھے، آپریشن کے بعد ٹریننگ کرنا مختلف چیز ہے بولنگ کرنا اور تھرو کرنا الگ معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انجری کے بعد ٹیم میں کب واپس آنا ہے یہ نسیم شاہ کا اپنا فیصلہ ہوگا لیکن انہیں احتیاط کرنی ہوگی۔

وسیم اکرم نے کہا کہ اسے خود بھی سیکھنا ہے اس نے دنیا بھر کا سفر کیا ہے، وہ انڈر 19 سے پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کھیل رہا ہے اسے اپنے فیصلے خود کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔

شعیب ملک نے کہا کہ ہمارے سامنے مثال موجود ہے کہ کے ایل راہول اور جسپریت بمراہ وہ پورے فٹ ہوکر ٹیم میں واپس آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ ہمارا اثاثہ ہیں اس کو پورا وقت دیں جب تک وہ سو فیصد فٹ نہ ہوجائیں تو ہی بولنگ کریں۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوکر ورلڈ کپ 2023 سے بھی باہر ہوگئے تھے۔