قومی ٹیم کے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ کل ہونے والے ورلڈ کپ 2023 کا فائنل آسٹریلیا آرام سے جیتے گی۔
ورلڈ کپ کا فائنل کل احمد آباد میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان احمد آباد میں کھیلا جائے گا، میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں خطرناک فارم میں ہیں بھارت ورلڈ کپ میں ناقابل شکست ہے جبکہ آسٹریلیا نے لگاتار 8 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دی جبکہ آسٹریلیا جنوبی افریقہ کو ہرا کر فائنل میں پہنچا ہے۔
فائنل سے قبل سابق کرکٹرز کی جانب سے دونوں ٹیموں سے متعلق تجزیہ اور پیش گوئی کی جارہی ہے کسی کا کہنا ہے کہ بھارت باآسانی جیت جائے گا تو کوئی آسٹریلیا کے حق میں بات کررہا ہے۔
نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ کل ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ بمراہ کو پھینٹا لگائیں گے اور آسٹریلیا ورلڈ کپ آرام سے جیتے گا۔
دوسری جانب شو میں شریک محمد یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلے گا۔