نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چکوال کے مدرسے میں پیش آئے واقعے کی وجہ سے سب کو برا نہیں کہا جا سکتا۔
مدرسے کے متاثرہ بچوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ واقعے کی وجہ سے شرمندہ بھی ہیں اور افسوس بھی بہت ہے، ایک ہی مدرسے کے چند افراد کی وجہ سے دیگر لوگوں کو بھی برا نہیں کہہ سکتے۔
نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلیے جو ممکن ہو سکا کریں گے، آئی جی کو ٹاسک دے دیا ہے سیکرٹری پراسیکیوشن بھی اپنا کام کریں گے، قانون ہم نہیں بنا سکتے تاہم ایسے اقدامات ضرور کریں گے جس سے ایسے واقعات نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، متاثرہ بچوں کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے میڈیکل نہ کروانے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، مدرسے کے بچوں کے تعداد ایک دو نہیں زیادہ ہے انہیں تحفظ دینا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برے سلوک کی وجہ سے بچے اور ان کے والدین ٹراما میں ہیں، متاثرہ بچوں کو ٹراما سے نکالنا ہے اور عام زندگی بحال کرنی ہے، بچوں کی پڑھائی بھی بحال کریں گے انہیں ٹراما سے بھی نکالا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بچے ڈی پی ایس یاپرائیویٹ اسکول میں پڑھنا چاہیے تو بھرپور معاونت کریں گے، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر متاثرہ بچوں کی تعلیم اور بحالی کیلیے اقدامات کریں، ایف آئی آر درج نہ ہونے کی تحقیقات کی جاری ہیں ملزمان پر پکڑ لیا گیا ہے۔