ویڈیو: ورلڈ کپ میں بھارت کی شکست پر بنگلہ دیش میں جشن

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں میزبان بھارت کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست اور تیسری بار ورلڈ چیمپئن بننے کا خواب ٹوٹنے پر بنگلہ دیش میں جشن منایا گیا۔

ورلڈ کپ کے فائنل میں عبرت ناک شکست اور تیسری بار عالمی چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور ہونے پر جہاں پورے بھارت میں صف ماتم بچھا ہوا ہے وہیں اس کے پڑوس میں واقع ملک بنگلہ دیش میں بھارت کی اس ہار پر شاندار جشن منایا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر وائریل یہ ویڈیو بنگلہ دیش کی ڈھاکا یونیورسٹی کی ہے جہاں ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے لیے بڑی اسکرین نصب تھی اور طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد وہاں میچ دیکھنے کے لیے جمع تھی۔

 

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی میکسویل وننگ شاٹ لگاتے ہیں ساتھ ہی ڈھاکا یونیورسٹی میں طلبہ وطالبات آسٹریلیا کی فتح کا جشن منانا شروع کر دیتے ہیں۔

طلبہ وطالبات تالیاں بجاتے، رقص کرتے اور نعرے لگانے کے ساتھ پرجوش انداز میں شور مچاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی شکست پر یہ جشن بنگلہ دیش میں اس وقت منایا گیا جب یہاں حسینہ واجد کی سربراہی میں عوامی لیگ کی حکومت قائم ہے جس کو بھارت نواز سمجھا جاتا ہے۔

بنگلا دیش کے طلبا نے بھارت کی ہار پر جس انداز میں جشن منایا وہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر چند افراد کو تو اپنا ہمنوا بنا سکتا ہے لیکن بنگلادیشی عوام کے دل میں اُس کیلئے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’خون تو پاکستانی ہے ناں‘‘ جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ مودی کی متعصبانہ غلطیاں پوری دنیا میں بھارت کے لیے شدید نفرت کا باعث بن رہی ہیں۔