دورہ آسٹریلیا میں نسیم شاہ کی کمی محسوس ہوگی، عمر گل

عمر گل

قومی ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کا کہنا ہے کہ دورہ آسٹریلیا میں نسیم شاہ کی کمی محسوس کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے پریکٹس سیشن کے پہلے روز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بڑے اسپیل کراونا معمول کی بات ہے جس سے متعلق حکمت عملی تیار کی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پریکٹس میں بولرز نے دو مرحلوں میں بولنگ کی، بولنگ میں بہتری کی ضرورت ہوتی ہے لیکن شاہین تجربہ کار ہے۔

عمر گل نے بتایا کہ آج سیشن میں نرمی برتی گئی کیونکہ کافی روز بعد کھلاڑی آئے ہیں۔

بولنگ کوچ نے کہا کہ نسیم شاہ کی کمی ددورہ آسٹریلیا میں محسوس کریں گے، نسیم شاہ پاکستان ٹیم کا اہم رکن ہے امید ہے وہ جلد صحت یاب ہوجائے گا۔

عمر گل نے مزید کہا کہ پرامید ہوں دورہ آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

واضح رہے کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے کیمپ میں مزید 3 بولرز کو شامل کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ثمین گل، علی شفیق اور محمد علی تربیتی کیمپ کا حصہ بن گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔