عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں دکھائے گئے عالی شان فارم ہاؤس پر قتل کی واردات رونما ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں شادی کی تقریب کے دوران رشتے دار کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ اشوک یادیو نامی شخص کو اس کے بیٹے کے سسر شیکھر یادو نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔
قتل کی واردات گریٹر نوئیڈا میں موجود گوڑ ملبیری مینشنز میں پیش آئی جہاں رواں سال فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کی عکس بندی کی گئی تھی۔
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اشوک یادو اپنے دوست کی بیٹی کی شادی میں موجود تھے۔ تقریب کے دوران مقتول اور قاتل کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔ 9 بج کر 30 منٹ پر شیکھر یادو نے گولی مار کر اشوک کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
اشوک یادو کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ڈی سی پی سینٹرل نوئیڈا کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ شیکھر اور اشوک کے بچوں کے درمیان طلاق کا معاملہ عدالت میں موجود ہے جس کی وجہ سے دونوں میں تلخ کلامی میں ہوئی۔
مقتول کے اہل خانہ کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کیلیے چھاپے مارنا شروع کر دیے۔