چند ماہ سے شدید سردرد میں مبتلا ویتنامی شہری کے دماغ میں لکڑی کے چمچے (چوپ اسٹکس) دیکھ کر ڈاکٹر بھی حیران رہ گئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ویتنام کے صوبے کوانگ بن کا رہائشی شہری پانچ ماہ سے شدید سردرد میں مبتلا تھا جس کی وجہ سے اس کی بینائی بھی متاثر ہوئی تھی۔
مذکورہ شخص کو جب اسپتال منتقل کیا گیا تو اس کی ناک سے سیال بھی خارج ہونے لگا، پوچھے جانے پر اس نے علامات کی کوئی ممکنہ وجہ ظاہر نہیں کی۔
ویتنامی شہری کا جب سی ٹی اسکین کروایا گیا تو اس میں نیوموسیفیلس ظاہر ہوا جو اس حالت کو کہا جاتا ہے جس میں دماغ کے حصوں میں ہوا پھنس جاتی ہے۔
سی ٹی اسکین متاثرہ شخص کی ناک سے اس کے دماغ تک جانے والی دو چیزیں بھی دکھائی دیں جوکہ جسم کا حصہ نہیں تھیں جب ان کا معائنہ کیا گیا تو وہ چوپ اسٹکس نکلیں۔
خوش قسمتی سے ناک کے ذریعے کی گئی اینڈواسکوپک سرجری کے ذریعے ڈاکٹر کامیابی سے چوپ اسٹکس نکالنے میں کامیاب رہے۔
مریض کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے اور اسے چند روز میں اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔