کراچی میں ماسیاں گھر سے لاکھوں کے زیورات اور نقدی چوری کرکے فرار

کراچی

کراچی میں ماسیاں گھر سے لاکھوں روپے کے زیورات اور نقدی چوری کرکے فرار ہوگئیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن نبی بخش ڈولہ کھاتہ میں ماسیاں گھر سے 40 لاکھ روپے کے زیورات اور نقدی چوری کرکے فرار ہوگئیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ دو عورتیں واردات کے بعد چہرہ چھپا کر لفٹ کے ذریعے بھاگیں۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ ماسیوں کو پانچ روز قبل کام پر رکھا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں ہونے والی چوری کی واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں گھروں میں کام کرنے والے ماسیاں بنگلے میں موجود معمر افراد کو نشہ آور مشروب پلا کر لاکھوں روپے کے طلائی زیورات، نقدی قیمتی گھڑیاں اور دیگر سامان چوری کرکے فرار ہوگئی تھیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بنگلے میں چوری کی واردات میں ماں بیٹی ملوث ہیں، بنگلے کے مالک نے پانچ ماہ قبل کام کرنے کے لیے 2 ماسیاں رکھی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بنگلے کے مالک نے نہ توان کی رجسٹریشن کروائی نہ ہی اس سے شناختی کارڈ لیا پولیس نے چوری کی واردات کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔