لاہور میں تاوان نہ دینے پر نوجوان قتل

پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں تاوان نہ دینے پر ملزمان نے مغوی نوجوان کو قتل کر دیا جس کی شناخت 26 سالہ ثاقب شفقت کے نام سے ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چار روز سے قبل لاہور کے علاقے جوڑے پُل الطاف کالونی سے اغوا ہونے والے نوجوان کا پتہ چل گیا۔ ملزمان نے اس کو تاوان وصولی کے لیے اغوا کیا تھا اور تاوان نہ ملنے پر اس کو قتل کر دیا۔

مقتول کی شناخت 26 سالہ ثاقب شفقت کے نام سے ہوئی اور اس کے اغوا کا مقدمہ گزشتہ ماہ 29 نومبر کو درج ہوا تھا۔ پولیس نے مقتول کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے جنرل اسپتال منتقل کر دی ہے۔

مقتول کے بھائی عاصم سمیع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ چار روز قبل ان کا بھائی ثاقب لاپتہ ہوا تھا تب سے اس کو تلاش کر رہے تھے لیکن کچھ پتہ نہیں چلا۔ اغوا کار نے اس کی رہائی کے لیے 15 لاکھ تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔

عاصم کے مطابق بھائی کا قتل خالہ کے گھر پر ہوا ہے جو چند گلیوں کے فاصلے پر ہے اور مقتول کی خالہ کے بیٹے اسامہ سے دوستی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خالہ کے بیٹوں یا کسی دیگر شخص سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ ثاقب کے اغوا کے بعد بھی خالہ کا بیٹا اسامہ اور اس کی فیملی ہمارے گھر آتی رہی ہے۔