بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کپتان نے آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا جواز پیش کردیا۔
ون ڈے ورلڈکپ میں شکست کے حوالے سے بھارتی کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام سے ویڈیو لنک پر گفتگو کی۔ ڈریوڈ نے شکست کا ملبہ احمد آباد اسٹیڈیم کی پچ پر ڈال دیا جبکہ روہت نے کہا کہ پچ اسپنرز کیلئے سازگار نہیں تھی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں شکست کی وجہ پوچھنے کے لیے بی سی سی آئی کے اعلیٰ عہدیداران نے دہلی میں ہیڈکوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما کیساتھ ویڈیو کال میٹنگ کی۔
ویڈیو کال پر ہونے والے اجلاس کے دوران بورڈ سیکریٹری جے شاہ، نائب صدر راجیو شکلا اور خزانچی آشیش شیلر بھی موجود تھے۔
فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار راہول ڈریوڈ نے احمد آباد اسٹیڈیم کی پچ کو ٹھہرایا۔ کپتان روہت شرما نے شکوہ کیا کہ پچ کو اسپنرز کیلئے سازگار نہیں تھی۔ بھارتی کپتان نے کہا کہ مبینہ طور پر پچ اتنی نہیں بدلی جتنا ٹیم مینجمنٹ نے سوچا تھا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ کرکٹ ورلڈکپ فائنل میں بی سی سی آئی نے اپنی مرضی سے پچ بنائی تھی لیک وہ اپنے ہی جال میں پھنس گئے۔
آئی سی سی ایونٹس کے دوران ناک آؤٹ مرحلے کیلئے نئی پچز بنائی جاتی ہیں۔ تاہم میزبان نے پرانی پچز پر ہی سیمی فائنل اور فائنل میچز کروائے اس کے باجود بھارتی ٹیم فائنل ہار گئی۔