بھارتی فضائیہ کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار، 2 پائلٹ ہلاک

نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کا تربیتی طیارہ دوران پرواز حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ ہلاک ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تلنگانہ کے ضلع میدک میں آج ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں بھارتی فضائیہ کے دو پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

ایئر فورس نے بتایا کہ ہوائی جہاز نے حیدرآباد میں ایئر فورس اکیڈمی سے معمول کی تربیت کے لیے اڑان بھری تھی جب یہ حادثہ پیش آیا، طیارے کے گرنے کے وقت ایک ٹرینر اور ایک ٹرینی پائلٹ اس کے اندر موجود تھے وہ دونوں ہلاک ہو گئے ہیں۔

بھارتی ایئر فورس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے دوسری جانب وزیر دفاع نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیاہے۔