سلمان خان کے بچپن کی ایک مخفی مگر سبق آموز کہانی

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان کی بچپن کی ایک مخفی مگر سبق آموز کہانی ہے جس سے ان کی ساتھی اداکارہ نے پردہ اٹھایا ہے۔

سلمان خان بالی ووڈ فلم انڈسٹری کا ایک بڑا نام ہیں جو بھارتی فلم انڈسٹری پر 35 سال سے جگمگا رہے ہیں۔ وہ اپنی اداکاری اور ایکشن کی وجہ سے تو مشہور ہیں ہی لیکن ان کی ایک وجہ شہرت ان کا انسان دوست رویہ ہے۔

اکثر لوگوں نے ان کے انسانیت دوستی کے قصے سن اور پڑھ رکھے ہوں گے ایک رپورٹ کے مطابق وہ اپنی آمدنی کا بڑا حصہ غریبوں کے علاج، کھانے اور تعلیم پر خرچ کرتے ہیں۔ وہ فلم انڈسٹری سے وابستہ ضرورت مند افراد کی بھی بڑھ چڑھ کر مدد کرتے ہیں اور ان کا یہی طرز عمل انہیں ہر طبقے میں مقبول بناتا ہے۔

تاہم ان کی یہ انسان دوستی اور دریا دل سخاوت فلم انڈسٹری کی مرہون منت نہیں بلکہ ان میں یہ اچھے اوصاف بچپن سے موجود ہیں جن سے ماضی کی معروف اداکارہ سونالی باندرے بھی پردہ اٹھایا ہے۔

 ان دنوں سوشل میڈیا پر ماضی کی معروف اداکارہ کا ایک ٹی وی شو کا کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ سلمان خان کے بچپن سے متعلق اہم انکشاف کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

سونالی باندرے نے اس شو میں بتایا کہ سلمان خان جب 10 سال کے تھے اور اسکول میں زیر تعلیم تھے تو ایک دن ان کے ٹیچر نے اسکول کے تمام طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں کچھ بچے جب واپس گھر جاتے ہیں تو انہیں دوپہر کو کھانا کھانے کو نہیں ملتا کیونکہ ان کے ماں باپ محنت مزدوری کے لیے گھر سے باہر ہوتے ہیں۔

ٹیچر نے کہا کہ اگر ہر طالبعلم ایسے ایک یا دو بچوں کو اپنے گھر لے جائیں اور انہیں کھانا کھلائیں تو یہ بہت بڑا کام ہوگا۔

ماضی کی اداکارہ نے بتایا کہ اپنے استاد کی یہ بات سنتے ہی سلمان خان نے فوراً اپنا ہاتھ کھڑا کیا اور ایک دو نہیں بلککہ 12 بچوں کو اپنے گھر ساتھ لے جانے اور دوپہر کا کھانا کھلانے کی حامی بھر لی۔

 

انہوں نے بتایا کہ سلمان خان نے صرف کہا نہیں بلکہ اس پر عمل بھی کر کے دکھایا۔ ہر روز سلمان بچوں کو اپنے گھر لے جاتے اور انہیں دوپہر کا کھانا کھلاتے جب کہ ان کے والدین بھی پیار محبت کے ساتھ ان غریب بچوں کے ساتھ پیش آتے۔

سونالی نے کہا کہ جب تک سلمان خان کا اسکول جاری رہا یہ سلسلہ بھی چلتا رہا اور  وہ اپنے غریب دوستوں کی بھوک مٹانے کا انتظام کرتے رہے۔