بانی پی ٹی آئی اب پارٹی کے چیئرمین نہیں رہے ، وکیل شعیب شاہین

وکیل شعیب شاہین

اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ بانی  پی ٹی آئی اب پارٹی کے چیئرمین نہیں رہے، ان کے خلاف ن لیگ کارکن کی درخواست ختم ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف ن لیگ کارکن کی درخواست ختم ہوجائے گی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اب پارٹی کے چیئرمین نہیں رہے۔

وکیل شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ ن لیگ،جے یو آئی اور پی پی انٹرا پارٹی انتخابات سب کے سامنے ہیں، دوہرا معیار نہیں چلے گا ماضی سے سبق سیکھنا پڑے گا۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے بانی پی ٹی آئی کی نا اہلیت کے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، دوران سماعت وکیل شعیب شاہین نے بتایا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کا ریکارڈ جمع کرادیا کیس ختم ہونا چاہیے۔

پٹیشنر خالد محمود ایڈوکیٹ نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے انٹر پارٹی انتخابات کو کسی نے تسلیم نہیں کیا، پی ٹی آئی بانی ممبر اکبر ایس بابر نےبھی انٹر پارٹی الیکشن کو تسلیم نہیں کیا، آپ آرڈر میں لکھ دیں بانی چیئرمین سزا یافتہ ہیں وہ عہدہ رکھ نہیں سکتے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن لڑا ہی نہیں اس میں ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔