’ایسے ہی محنت کرتی رہیں تو آپ ورلڈ کپ بھی جیت جائیں گی‘

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان ویمنز ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دے کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ اس شاندار جیت پر شائقین کرکٹ تو خوش ہیں ہی نگراں وزیراعظم انوار الحق بھی شاداں ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے اس تاریخ فتح پر قومی ویمنز ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی قدر بھی مردوں سے پیچھے نہیں، ایسے ہی محنت کرتی رہیں تو ویمنز ٹیم ورلڈ کپ بھی اپنے نام کر جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے ڈونیڈن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان کیوی کو 10 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز کی دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کرنے کے ساتھ پہلی بار نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیت کر تاریخ رقم کی۔

تاریخ رقم، پاکستان ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز جیت لی

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ہفتہ 9 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ہوگی۔