نگراں وزیر اعظم کا صحت کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور

انتخابی بے ضابطگیوں پر متعلقہ فورمز پر قانونی چارہ جوئی کی جائے، نگراں وزیر اعظم

اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے صحت کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت طبی تعلیم اور مریضوں کی دیکھ بھال میں اصلاحات کیلیے تشکیل شدہ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں شعبہ صحت کو بین الاقوامی معیار پر لانے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ پاکستان میں طبی تعلیم کو ہم عصر تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ انتہائی اہم شعبہ ہے اس کی ترقی کیلیے مزید توجہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عالمی مارکیٹ میں افرادی قوت کی مانگ پوری کرنے کیلیے شعبے میں اصلاحات لائی جائیں۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ شعبہ صحت میں اصلاحات کیلیے 3 مراحل پر مشتمل حکمت عملی بنائی گئی ہے۔ نگراں وزیر اعظم نے ڈاکٹر عامر بلال کی قیادت میں اصلاحات کیلیے ٹاسک فورس کے اقدامات کو سراہا۔

ٹاسک فورس کی تشکیل

وفاقی حکومت نے رواں سال جون میں نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کی تشکیل نو کی تھی جس میں ڈاکٹر سید علی فاران رضی نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کے چیئرمین مقرر کیے گئے تھے۔

ٹاسک فورس 14 اراکین پر مشتمل ہے جس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبوں کی نمائندگی ہے۔ ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر بصیر اچکزئی سیکرٹری ٹاسک فورس ہوں گے جبکہ ٹاسک فورس میں وبائی، انفیکشیئش ڈیزیز ماہرین شامل ہیں۔

ڈاکٹر محمد علی پنجاب، ڈاکٹر تاج بلوچ بلوچستان سے، ڈاکٹر محمود اورنگزیب کے پی، ڈاکٹر ملازم حسین آزاد کشمیر سے ٹاسک فورس رکن ہیں۔

ڈاکٹر شیر حافظ گلگت بلتستان، ڈاکٹر رضوان وفاق سے ٹاسک فورس رکن ہیں۔ ڈاکٹر صفدر رانا، عائشہ رضا فاروق، نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کے رکن ہیں۔

ہیلتھ ٹاسک فورس وزیر صحت کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس اعزازی طور پر خدمات انجام دے گی۔