برطانوی شہریوں کا 2024 میں سیاحت کے لیے پسندیدہ ملک کون سا ہے؟ جان کر حیران رہ جائیں

نئے سال کی آمد سے قبل سیاحت کے رسیا اپنے سیاحتی منصوبے بنا لیتے ہیں برطانیہ کے شہری 2024 میں کس ملک کی سیاحت کے لیے پرجوش ہیں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

نئے سال کی آمد سے قبل سیاحت کے رسیا اپنے سیاحتی منصوبے بنا لیتے ہیں۔ سیاحوں کی اکثریت اپنے سیر وتفریح کے منصوبوں کے لیے خوبصورت قدرتی نظاروں سے بھرپور علاقے، تاریخی مقامات کا انتخاب کرتے ہیں لیکن برطانیہ کے شہری 2024 میں کس ملک کی سیاحت کے لیے پرجوش ہیں یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

برطانیہ کے دفتر خارجہ نے خبردار کرتا رہتا ہے کہ افغانستان سفر کے لیے انتہائی خطرناک ملک ہے لیکن اسی ملک کی ایک ٹریول کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی شہریوں کا 2024 میں سیاحت کے لیے پسندیدہ ملک افغانستان ہے اور آئندہ سال کے اس کے افغانستان کے 8 ٹورز کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔

برطانوی اخبار ’دی انڈیپینڈنٹ‘ سے بات کرتے ہوئے لوپین ٹریول کے بانی ڈیلن ہیرس نے کہا کہ ناقابل یقین طور پر اس سال افغانستان ہماری سب سے مقبول منزل ہے اور اس نے مجھے مکمل طور پر حیران کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی کے اگلے سال کے تمام 8 ٹورز کی بکنگ ہو چکی ہے، جن میں 2025 کے لیے 2 ٹورز دستیاب ہیں۔ 10 دنوں پر محیط ٹور کی قیمت 2250 پاؤنڈ ہے جس میں دارالحکومت کابل، تاریخی شہر ہرات، بامیان میں بدھا کے مجسمے، بند امیر نیشنل پارک، ہندوکش سے مزار شریف تک کا سفر، بلخ میں مذہبی مقامات اور بزکشی کے روایتی کھیل میں شرکت کرنا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع تھی کہ افغانستان کے محفوظ سفر کے لیے  ایک دہائی یا اس سے زیادہ وقت لگے گا۔ لیکن آخر میں پتہ چلا کہ پہلے کی نسبت اب وہاں سفر کرنا درحقیقت زیادہ محفوظ ہے۔ میرے عملے کا ایک رکن ستمبر میں ابتدائی تحقیقی سفر کرنے گیا تھا جو اچھا رہا۔
ڈیلن ہیرس سے پوچھا گیا کہ افغانستان کا سفر ایک ایسی حکومت کو مؤثر طریقے سے مالی مدد فراہم کرنا ہے جس کی بین الاقوامی سطح پر بدنامی ہوئی ہے جس پر انہوں نے کہا کہ ہمارا طالبان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے۔ ہم ایسے مقامی لوگوں سے مل رہے ہیں جو غیر ملکیوں کو دیکھ کر واقعی خوش ہیں جو مقامی معیشت کو سہارا دینے والے ہوٹلوں کو سپورٹ کرتے ہیں۔
افغانستان میں خواتین سیاحوں کے باہر نکلنے اور پارکوں میں جانے پر پابندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ پابندی اب منسوخ کر دی گئی ہے، لیکن کچھ مقامات کے لیے متبادل سرگرمیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ ٹریول فرم پہلے افغانستان میں کام کرتی تھی، لیکن 2021 میں طالبان نے اقتدار سنبھالنے پر اس نے یہ ملک چھوڑ دیا تھا۔