جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹیاں بنائی ہیں ہم کے پی میں تعاون کریں گے ن لیگ میں پنجاب کرے گی، ن لیگ سے اپنے اتحاد کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ اتحاد الیکشن میں بھی اور اس کے بعد بھی برقرار رکھیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انتخابات کے لیے ماحول فراہم کرنا چاہیے، دو صوبے دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں، کارکنان شہید ہورہے ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور لکی مروت میں کوئی پولیس نہیں، اس بدامنی کی صورتحال میں کیا انتخابات ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں الیکشن کے لیے تیار ہوں لیکن ماحول دیا جائے، لاہور میں تو سب ٹھیک ہے لیکن ہماری طرف تو آئیں، ہم اصول کے تابع ہیں اور اصول پر چلانا چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی پارٹی نہیں ہے ان کے پارٹی الیکشن سے پتہ چل گیا، یہ ایک غبارہ تھا جس میں ہوا بھری گئی تھی، پی ٹی آئی کے غبارے سے ہوا نکل گئی۔
انہوں نے کہا کہ جن کی وفاداریاں تبدیل ہورہی ہیں ان کو زبردستی پی ٹی آئی میں لایا گیا تھا، جو لوگ پی ٹی آئی میں گئے وہ خود کہہ رہے تھے ہم مجبور ہیں۔