قابض صہیونی ریاست اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملوں نے سی این این پروڈیوسر کو بھی نہ بخشا ان کے 9 قریبی رشتے دار بھی لقمہ اجل بن گئے۔
قابض صہیونی ریاست اسرائیل کے غزہ پر جاری وحشیانہ حملوں کو دو ماہ گزر چکے ہیں۔ اس دوران غزہ پٹی ملبے کا ڈھیر بن چکی ہے شہادتیں 16 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں جب کہ 40 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ شہدا اور زخمیوں میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔
اسرائیلی بربریت سے نہ کوئی صحافی محفوظ رہا اور نہ ہی اقوام متحدہ کے اہلکار گزشتہ روز امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے ایک پروڈیوسر ابراہیم دحمان کے قریبی رشتے دار بھی زد میں آگئے اور 9 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابراہیم کے قریبی رشتے دار بیت لاھیا کے علاقے کی ایک عمارت میں رہائش پذیر تھے جو گزشتہ روز اسرائیل کے فضائی حملے کی زد میں آ گئی جس کے نتیجے میں سی این این پروڈیوسر کے چچا، چچی، ان کی بیٹی، دو پوتے، پھوپھی، پھوپھا اور ان کے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
ابراہیم کے دیگر دو رشتے داروں کی حالت تشویشناک جب کہ مزید کچھ افراد کے تاحال ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔