خبردار! اگر سڑک پر جھگڑا کیا تو ۔۔۔۔؟

سڑک پر دوران ڈرائیونگ حادثہ ہونے پر فریقین کا جھگڑنا عام ہے لیکن سعودی عرب میں اب سڑک پر یوں جھگڑنا مہنگا بھی پڑ سکتا ہے۔

سعودی عرب میں ٹریفک سے متعلق قوانین پہلے ہی سخت ہیں اب مجلس شوریٰ نے روڈ ریج (سڑک پر غصہ) کے نام سے ایک اور اقدام کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں شامل کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

مقامی اخبار کے مطابق سعودی رکن شوریٰ ڈاکٹر ترکی العواد نے ٹریفک قانون میں ترمیم کی تجویز پیش کرتے ہوئے اس میں روڈ ریج کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی جس کی کئی ارکان نے حمایت کی ہے۔

ڈاکٹر ترکی نے کہا کہ حالیہ ایام کے دوران سڑک پرغصے کا رجحان بڑھ رہا ہے اس لیے روڈ ریج (سڑک کاغصہ) کو ٹریفک خلاف ورزی قرار دے کر جرمانہ مقرر کیا جائے اور اس خلاف ورزی کا جرمانہ ٹائر اسکریچنگ جتنا ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں ٹائر اسکریچنگ کو ٹریفک خلاف ورزی شمار کیا جاتا ہے اور اس پر جرمانہ ہے جب کہ ٹائر اسکریچنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی محکمہ ٹریفک تحویل میں لے لیتا ہے۔
پہلی بار ٹائر اسکریچنگ پر گاڑی پندرہ دن کے لیے محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہتی ہے جبکہ 20 ہزار ریال کا جرمانہ کیا جاتا ہے جب کہ دوسری بار اسی خلاف ورزی پر سزا اور  جرمانہ ڈبل ہوجاتا ہے جس کے مطابق گاڑی ایک ماہ کے لیے محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہتی ہے اور جرمانہ چالیس ہزار کردیا جاتا ہے جب کہ تیسری بار ٹائر اسکریچنگ  کی خلاف ورزی پر 60 ہزار ریال کا جرمانہ ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ کیس اسپیشل کورٹ میں بھیجا جاتا ہے کیونکہ ٹائر اسکریچنگ کرنے والے کی گاڑی ضبط کرنے، اس پر جرمانے، رینٹ اے  کار یا مسروقہ کار کی قیمت وصول کرنے یا جیل بھیجنے کا فیصلہ اسپیشل کورٹ کرتی ہے۔