اسرائیل کی ہٹ دھرمی، مقبوضہ بیت المقدس میں نئی یہودی بستیوں کے قیام کی منظوری

غاصب اسرائیل ایک جانب دو ماہ سے مظلوم فلسطینیوں کیخلاف بربریت کا مظاہرہ کر رہا ہے دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس میں نئی یہودی بستیوں کے قیام کی منظوری دے دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ بیتِ المقدس میں نئی یہودی بستیوں کے قیام کی مظوری دیدی ہے جس کے مطابق مقبوضہ بیتِ المقدس کے مشرق میں ایک ہزار سات سو اڑتیس مکان تعمیر کیے جائیں گے۔

اسرائیلی این جی او کے مطابق اسرائیلی جنگ نہ ہوتی تو آباد کاری کے نئے منصوبے پر بہت شور ہوتا۔

دوسری جانب اس حوالے سے فلسطینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی بستیاں عالمی قوانین کے تحت غیر قانونی ہیں جس کے ذریعے مقبوضہ بیتِ المقدس کو فلسطینی ماحول سے الگ کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے دو ماہ سے غزہ پٹی پر جاری وحشیانہ حملوں میں 16 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 40 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے جب کہ پورا غزہ شہر ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔