ممبئی: بھارت کے مشہور مزاحیہ ڈرامہ سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں ’دیابین‘ کے کردار کیلیے دیشا وکانی کی واپسی سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔
بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں ’مسز روشن سنگھ سوڈھی‘ کا کردار نبھانے والی جنیفر بنسیوال نے دیشا وکانی کے واپس نہ آنے کا دعویٰ کر دیا۔
جنیفر بنسیوال نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ دیشا وکانی ڈرامے میں واپس نہیں آ رہیں لہٰذا ڈرامہ سازوں کو چاہیے کہ وہ مداحوں کے جذبات سے نہ کھیلیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں ڈرامے میں شامل تھے تب بھی ڈرامہ سازوں کی جانب سے دیشا وکانی کی واپسی کا ڈھونگ رچایا گیا تھا لیکن اُس وقت ہمیں بھی حقیقت معلوم نہیں تھی۔
جنیفر بنسیوال نے کہا کہ ڈرامہ سازوں کے بیانات لوگوں کو بے وقوف بنانے اور ان کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں، مجھے نہیں معلوم اس مرتبہ کیا ہوا لیکن دیابین کی واپسی نہیں ہوگی۔
دیشا وکانی سال 2017 میں حاملہ ہونے کی وجہ سے چھٹیوں پر گئی تھیں لیکن اس کے بعد اسکرین پر واپس نہین آئیں۔ ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ نے حال ہی میں اپنا 15 سالہ سفر مکمل کیا۔ ڈرامے کی پہلی قسط 28 جولائی 2008 کو نشر کی گئی تھی۔
ڈرامہ بند ہونے کی خبروں پر پروڈیوسر کا ردعمل
دیشا وکانی کے ڈرامہ چھوڑ جانے کی وجہ سے مداح مایوس ہیں اور سوشل میڈیا پر ڈرامے کے خلاف بائیکاٹ مہم بھی چلائی گئی۔ ایسے میں یہ خبریں بھی پڑھنے کو ملیں کہ ڈرامہ مستقیل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے، تاہم پروڈیوسر اسیت کمار مودی نے مذکورہ خبروں پر ردعمل دیا۔
اسیت کمار مودی نے اپنے بیان میں ناظرین کو یقین دلایا کہ ڈرامہ بند نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے لوگوں کو لطف اندوز کرنے کیلیے ہوں اور ڈرامہ دیکھنے والوں سے کبھی جھوٹ نہیں بولوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ پیچدگیوں کی وجہ سے ہم دیشا وکانی کو واپس لانے میں ناکام رہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ’دیابین‘ کا کردار ختم ہو جائے گا۔