دورہ آسٹریلیا: پاکستانی بولرز پی ایم الیون کی وکٹیں اڑانے میں ناکام، میچ ڈرا کی جانب گامزن

پاکستان اور پی ایم آسٹریلیا الیون کے درمیان چار روزہ وارم اپ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے تیسرے روز پی ایم الیون نے پہلی اننگ میں 4 وکٹوں پر 367 رنز بنا لیے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کینبرا میں کھیلے جا رہے پاکستان اور پی ایم آسٹریلیا الیون کے درمیان چار روزہ وارم اپ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے تیسرے روز کے اختتام پر پی ایم الیون نے پہلی اننگ میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنا لیے ہیں قومی ٹیم کو اب بھی 24 رنز کی برتری حاصل ہے۔

تیسرے روز آسٹریلیا پی ایم الیون نے 2 وکٹوں پر 149 رنز کے ساتھ ادھوری پہلی اننگ کا آغاز کیا۔ تاہم قومی کپتان کی جانب سے 8 بولرز کو آزمائے جانے کے باوجود پاکستانی بولرز پورے دن میں مخالف ٹیم کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے اور مزید چار وکٹیں ہی حاصل کر سکے۔

تیسرے دن کھیل کا اختتام پی ایم الیون نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز کے ساتھ کیا میٹ رینشا نے 136 رنز اور ویبسٹر 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جب کہ پاکستان کی برتری صرف 24 رنز رہ گئی ہے۔

پی ایم الیون کے کیمرون بینکروفٹ 53، مارکوس ہیرس 49، کیمرون گرین 46 اور کپتان ناتھن 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد، ابرار احمد، فہیم اشرف اور امام الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کپتان شان مسعود نے بابر اعظم کو بھی بولر کے طور پر آزمایا اور ایک اوور کروایا۔

اس سے قبل پہلے روز کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9 وکٹوں پر 391 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کر دی تھی۔ شان مسعود نے نا قابل شکست ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔