پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ اور مضر صحت ماوا تلف کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ والا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سرگرم ہو گئی اور مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر ملاوٹی اور مضر صحت دودھ اور اس سے بنا ہوا ماوہ تلف کر دیا۔
متعلقہ حکام نے راولپنڈی ڈویژن میں 94363 لیٹر دودھ کی چیکنگ کی جس میں 1050 لیٹر دودھ ملاوٹ شدہ پایا گیا جس کو فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔ اٹک میں 720 ، جہلم میں 60 اور چکوال مییں 270 لیٹر دودھ تلف کیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ پر ناکے لگا کر دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ جعلسازی پر 2 سپلائرز پر جرمانے اور خلاف ورزی پر5 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
چکوال میں دودھ میں ملاوٹ پر 9 گاڑیوں کو جرمانہ کیا گیا جب کہ اٹک میں ملاوٹی دودھ کی اسٹوریج پر 10 سپلائرز کیخلاف ایکشن لیا گیا۔
اس کے علاوہ ڈیری سیفٹی ٹیموں نے جلال پور بھٹیاں میں دودھ کے نام پر سفید محلول فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 600 لیٹر سے زائد غیر معیاری اور مضر صحت دودھ اور اس کے ساتھ ہی 50 کلو سے زائد زائد المعیاد کھویا تلف کر دیا گیا جب کہ 70 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
اس کارروائی کے حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ جلال پور بھٹیاں میں ڈیری سیفٹی ٹیموں نے سٹی ایریا میں 30 ہزار لیٹر دودھ کو چیک کیا۔ ایم 2 پر واقع فوڈ پوائنٹ پر چھاپہ مار کر زائد المیعاد مشروبات تلف اور بھاری جرمانے کیے گئے۔