لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ ترقی کرتے پاکستان کو کیوں روکا گیا، ملک کا حشر نشر کیوں کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی ٹکٹ دینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بہت آگے نکل گئی ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں، ملک کے ساتھ بہت زیادتیاں کی گئیں، پوری قوم پریشان ہے شاید ساری زیادتیوں کے ازالے کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنی ذات سے ہٹ کر سوچنا ہوگا، قوم جاننا چاہتی ہے ترقی کرتے پاکستان کو کیوں روکا گیا اپ سیٹ کیوں کیا گیا، بار بار سوال اس لیے کرتا ہوں کہ جواب نہیں ملتا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ملک کے ساتھ خود بڑی زیادتی کی اب ملک کو اسی جگہ پر لے جانا چاہیے جس کا وہ مستحق ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ آج کے حالات میں چالیس، پچاس ہزار کمانے والا کیسے وقت گزار سکتا ہے، اگر الیکشن جیت جاتے ہیں تو ملک کو مسائل سے نکالنے کی ذمہ داری آپ پر آئے گی، اللہ سے دعا کریں کہ ہمیں کامیابیوں سے ہمکنار فرمائے، اپنی محنت کو ملک کے وقار کو بلند کرنے کے لیے استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ خواہش ہونی چاہیے کہ اللہ نے ہمیں قوم کی خدمت کے لیے منتخب کیا ہے، ملک کے مفاد کے لیے محنت کرنی چاہیے، امیدواروں کا مقصد قوم کے مسائل حل کرنا ہونا چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ خوشحال پاکستان بہت ضروری ہے، ترقی و خوشحالی کی طرف چلتا معاشرہ ہو تو سب خوش ہوتے ہیں۔