اسکرپٹ دے کر ڈرامے کا حصہ نہیں بنایا گیا، دانیال افضل

دانیال افضل

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار دانیال افضل نے انکشاف کیا ہے کہ اسکرپٹ دے کر انہیں ڈرامے کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔

اداکار دانیال افضل نے اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ود ایاز سموں‘ میں شرکت کی اور پروگرام کے سگیمنٹ ’پردہ اٹھا دیں‘ میں مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

میزبان نے سوال کیا کہ کیا دانیال کو اسکرپٹ ملتا تھا لیکن وہ ڈرامے کا حصہ نہیں ہوتے تھے؟

دانیال افضل نے بتایا کہ ایسا ہوا ہے لیکن ہونا نہیں چاہیے ہر کوئی امید لگا کر بیٹھا ہوتا ہے کہ کوئی پروجیکٹ ملا ہے، جب آپ نئے ہوتے ہیں تو یہ چیز زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک نیا اداکار ہے کسی زمانے میں وہ جم میں میرے ساتھ ہوتا تھا کل جب اس سے بات ہوئی تو بتایا کہ شوٹ پر بلایا ایک دن کام کیا، کپڑے خریدے، نوکری سے چھٹی لی پھر پیغام بھیجا گیا کہ آپ ڈرامے کا حصہ نہیں ہیں۔

دانیال افضل نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ وہ کردار کے لیے موزوں نہیں ہو لیکن وہ جتنا دلبرداشتہ تھا میں محسوس کرسکتا ہوں۔

اداکار نے بتایا کہ میرے ساتھ کیریئر کے شروع میں اس طرح ہوا تھا اب بھی ہوتا ہے لیکن محسوس نہیں ہوتا کیونکہ دوسرے پروجیکٹ موجود ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ کیریئر کے شروع میں مشہور نہیں ہوا تھا تو انتظار ہوتا تھا کہ لوگ پہچانیں ایک دن اے ٹی ایم سے نکلا تو سنسان جگہ تھی وہاں مداح نے آواز لگائی پہلے میں پریشان ہوگیا پھر وہ کہنے لگا کہ میں نے آپ کا ڈرامہ دیکھا ہے آپ نے بہت اچھی اداکاری کی تھی میں یہ سن خوش ہوگیا کہ اندھیری گلی میں پہچان لیا۔

دانیال افضل کا کہنا تھا کہ اس کے بعد وہ مداح کہنے لگا کہ بھائی مجھے اورنگی ٹاؤن جانا ہے پچاس روپے مل جائیں گے پھر مجھے پیسے دینے پڑے کیونکہ پہلا مداح تھا۔

واضح رہے کہ دانیال افضل نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’دل ہی تو ہے‘ میں منفی کردار نبھایا جس کے مرکزی کرداروں میں علی انصاری، زویا ناصر، ماریہ ملک ودیگر شامل تھے۔

’دل ہی تو ہے‘ کی کہانی نادیہ احمد نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض کاشف بٹ اور دانش بہلم نے انجام دیے ہیں۔