کراچی : اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائے گا ، جس میں شرح سود برقرار رکھنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک اگلے ڈیڑھ ماہ کیلئے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا، زیادہ تر معاشی ماہرین نے کہا ہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کے جانب سے شرح سود 22 فیصد برقرار رکھنے کا امکان ہے۔
کچھ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ شرح سود میں پچیس سے پچاس بیسز پوائنٹس کی کمی بھی کی جا سکتی ہے، جون دوہزار تیئیس سے ابتک شرح سود بائیس فیصد پر برقرار ہے۔
ماہرین کے مطابق شرح سود برقرار رکھنے کی بڑی وجہ مہنگائی میں خاطر خواہ کمی کا نہ ہونا ہے، نومبردوہزار تیئیس کے دوران مہنگائی کی شرح انتیس اعشاریہ دو فیصد پر رہی ہے۔
معاشی ماہرین نے مزید بتایا کہ دسمبر میں گیس اور بجلی کی قیمتوں کا اثر مہنگائی کی شرح پر آنا ابھی باقی ہے، رواں مالی سال جون تک شرح سود میں تین سے چار فیصد کمی کا امکان ہے۔