سیلاب متاثرہ خاندان کے خیمے میں آتشزدگی ، 3 بچے جھلس کر جاں بحق

سیلاب خیمے آگ

قمبر: سیلاب متاثرہ خاندان کے خیمے میں آگ لگنے سے تین بچے جھلس کر جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے، موم بتی سے آگ پھیلی۔

تفصیلات کے مطابق قمبر شہداد کوٹ کے گاؤں رب رکھولاکھو میں سیلاب متاثرہ خاندان کے خیمے میں آگ بھڑک اٹھی ، آگ لگنے کے نتیجے میں تین بچے جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ خاندان سویا ہوا تھا کہ موم بتی سے آگ پھیلی اور خیمہ جل گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ جاں بحق بچوں کی عمریں دو ماہ ،چاراورسات سال ہیں جبکہ آتشزدگی میں خیمے کا مالک راشد کھوسو،اس کا بھائی، والدہ اور بیوی زخمی ہوئے، آگ رات ساڑھے تین بجے آگ لگی۔

یاد رہے گذشتہ برس پاکستان میں آنے والے سیلابوں سے 33 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے، سندھ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ تھا، جہاں 23 لاکھ افراد بے گھر ہوئے جن کی ایک بڑی تعداد آج بھی خیموں میں رہنے پر مجبور ہے۔