زرین خان ایک بار پھر گرفتار ہونے سے بچ گئیں

زرین خان کو دھوکا دہی کیس میں ریلیف مل گیا

ممبئی: 2018 کے دھوکا دہی کیس میں عدالت نے معروف بالی وڈ اداکارہ زرین خان کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔

بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق زرین خان کے خلاف کولکتہ کے نارکل ڈنگہ پولیس اسٹیشن میں دھوکا دہی کا کیس رجسٹرڈ ہے جس کی آج عدالت میں سماعت ہوئی۔

سیالدہ کورٹ نے زرین خان کی درخواست پر 26 دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کی اور انہیں 30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروائی کی ہدایت کی۔ ان کو بیرون ملک سفر کرنے کیلیے عدالت سے اجازت لینا ہوگی۔

تفتیش افسر نے ان کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ جمع کروائی تھی۔ اس دوران زرین خان نے ضمانت کی درخواست دائر کی اور نہ ہی عدالت کے سامنے پیش ہوئیں جس پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

متعلقہ: زرین خان کا فلمی کیریئر کترینہ کیف نے تباہ کیا؟

2018 میں اداکارہ کو ایک تقریب میں پرفارم کرنے کیلیے مدعو کیا گیا تھا جس میں وہ شریک نہیں ہوئی تھیں اور منتظمین کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔ منتظمین نے اداکارہ اور ان کے منیجر کے خلاف دھوکا دہی کی شکایت پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی۔

زرین خان نے سُپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’ویر‘ (2010) سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا بعد میں وہ ’ہاؤس فل 2‘ (2012) اور ’ہیٹ اسٹوری 3‘ (2015) میں نظر آئیں۔ انہوں نے پنجابی، تیلگو اور تامل فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

دوسری جانب کترینہ کیف نے فلم ’میں نے پیار کیوں کیا‘ (2005) اور ’پاٹنر‘ (2007) میں سلمان خان کے ساتھ کام کر کے اںڈسٹری میں شہرت حاصل کی۔