بلے کا نشان ہم سے واپس لینے کا سب سے بڑا خدشہ ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

پی ٹی آئی ٹکٹوں بیرسٹرگوہر

راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ بلے کا نشان ہم سے واپس لینے کا سب سے بڑا خدشہ ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ ہمیں انتخابی مہم کیلیے لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن سے انتخابی کنونشن کی اجازت مانگی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری انتخابی شیڈول کا اعلان کرے۔

متعلقہ: جس کو بانی پی ٹی آئی کہیں گے اس کو ٹکٹ ملے گا، بیرسٹر گوہرعلی

انہوں نے کہا کہ  انتخابی ٹکٹوں کا اجرا کرنا آخری مرحلہ میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات میں پی ڈی ایم میں شامل کسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کسی بھی سیاسی جماعت کا انتخابی نشان ختم نہیں کر سکتا۔

قبل ازیں، اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی جس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کی گئی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

ایف آئی اے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکلا پیش عدالت میں ہوئے۔ فرد جرم کے مندرجات میں کہا گیا کہ خفیہ سائفر کو جلسہ میں لہرایا گیا اور اس کے مندرجات کو زیربحث لایا گیا، ایسا کرنا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت جرم ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ بطور وزیر اعظم بانی پی ٹی آئی کو سائفر رکھنے کا کوئی اختیار نہ تھا، سائفر کو جان بوجھ کر اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا گیا، اس عمل سے ملک کے تشخص اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچا۔

عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو کل طلب کر لیا ہے اور استغاثہ کی شہادت طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔