واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ خطے کی سیکیورٹی کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کی پریس بریفنگ کے دوران سوال کیا گیا کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پر امریکا کیا تعاون کرسکتا ہے؟
جس پر میتھیوملر نے کہا کہ خطے کی سیکیورٹی پر پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان کےساتھ خطے کی سیکورٹی اور دفاعی تعاون پر بات ہوئی ، انسداد دہشت گردی پر پاکستان کے ساتھ مشترکہ اقدامات کیے ہیں۔
گذشتہ روز امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے کے پی میں سیکیورٹی پوسٹ پردہشت گردحملےکی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجرموں کو کٹہرے میں لانے کو یقینی بنانے میں پاکستانی عوام کےساتھ ہیں اور متاثرین سے تعزیت کرتے ہیں۔
خیال رہے سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے، جس کے دوران مجموعی طور پر ستائیس دہشت گرد مارے گئے جبکہ 25 جوان بھی شہید ہوئے تھے۔