پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن قومی اسمبلی بجلی چوری میں ملوث نکلے۔
چوک اعظم میں پی ٹی آئی رہنما عبدالمجید نیازی کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق عبدالمجید نیازی گھر پر ڈائریکٹ کنڈا لگا کر بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔
خیال رہے کہ عبدالمجید نیازی 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے بعد سے روپوش ہیں۔
اس سے قبل لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی سابق رکن اسمبلی رخسانہ کوثر بجلی چوری کرتی پکڑی گئی تھیں۔
لیسکو نے رخسانہ کوثر کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔ ترجمان لیسکو نے بتایا تھا کہ ان پر پانچ لاکھ پچھتر ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا۔
ڈھائی سالہ بچے پر بجلی چوری کا مقدمہ
چند روز قبل سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں سیپکو حکام کی مدعیت میں ڈھائی سالہ بچے پر بجلی چوری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
کمسن بچے کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس کو اس کی عمر کا پتا چلا تھا۔ ڈھائی سالہ بھورل کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر سیپکو اور پولیس حکام پریشان ہو گئے تھے اور فیصلہ نہیں کر سکے کہ ملزم کو گرفتار کیا جائے یا پھر کیس کینسل کیا جائے۔