پرتھ ٹیسٹ دوسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان کے 2 وکٹوں پر 132 رنز

پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں دو وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان آسٹریلیا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں 53 اوورز میں 132 رنز بنا لیے ہیں اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان کی جانب امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگ شروع کی اور ٹیم کو 74 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اس موقع پر عبداللہ شفیق 42 رنز بنا کر لیون کی وکٹ بن گئے۔ کپتان شان مسعود کو مچل اسٹارک نے 30 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔

قومی اوپنر امام الحق نے دفاعی انداز اختیار کرتے ہوئے 136 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف 38 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جب کہ خرم شہزاد نے 7 رنز بنا رکھے ہیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلی نا مکمل اننگ کا آغاز 5 وکٹوں پر 346 رنز سے کیا اور پوری ٹیم کھانے کے وقفے کے فوری بعد 487 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آج آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر ایلکس کیری تھے جنہیں 34 رنز کے انفرادی اسکور پر عامر جمال نے بولڈ کیا۔ اس وقت کینگروز کا مجموعی اسکور 411 رنز تھا۔ انہوں نے مچل مارش کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 90 رنز جوڑے۔ اگلے آنے والے کھلاری مچل اسٹارک کو بھی عامر جمال نے بولڈ کرکے اپنی چوتھی وکٹ بنایا۔ مچل مارش کو 90 رنز پر خرم شہزاد نے پویلین کا راستہ دکھایا جب کہ آخری دو کھلاڑیوں کی وکٹیں اوپر تلے عامر جمال کے ہاتھ اائیں۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری اننگ (164 رنز) بنائی تھی۔ ٹریوس ہیڈ 41 اور عثمان خواجہ نے 40 رنز اسکور کیے تھے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے اپنے افتتاحی میچ کو چھ وکٹیں حاصل کر کے یادگار بنایا۔ انہوں نے پہلی اننگ میں 111 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے ڈیبیوٹنٹ خرم شہزاد کے ہاتھ دو وکٹیں آئیں جب کہ شاہین شاہ، فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاسل کی۔

واضح رہے کہ پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 کا حصہ ہے۔