کراچی میں گیس لائن دھماکا ، عمارتیں لرز اٹھیں

دھماکا

کراچی : نیپا پل کے نیچے گیس لائن دھماکے کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ دھماکے سے پل کے آخری حصے کو شدید نقصان پہنچا اور اطراف کی عمارتیں لرزاٹھیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیپا پل کے نیچے گیس لائن کا دھماکا ہوا، دھماکے کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوئی، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دم توڑ گئی۔

دھماکے سے نیپا پل کے آخری حصے کو شدید نقصان پہنچا اور راشد منہاس سے نیپا اترنے والے پل کا جوائنٹ شدید متاثر ہوا۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اطراف کی عمارتیں بھی لرزاٹھیں اور پل کے متاثرہ حصے پر کئی جگہ سڑک بھی متاثر ہوئی۔

کے ایم سی افسر نے نیپاپل کےنیچے گیس پائپ لائن میں دھماکے کے معاملے پر کہا کہ گیس لائن میں دھماکانشے کے عادی افراد کی وجہ سے ہوا، نشے کےعادی افراد پل کے نیچے بیٹھے نشہ کر رہے تھے کہ آگ لگنے سے اچانک زور دار دھماکا ہوا۔

کے ایم سی افسر کا کہنا تھا کہ دھماکے سےکے ایم سی ورکشاپ کی دیوار گر گئی، ورکشاپ میں موجود کباڑ کو بھی نقصان پہنچا۔