ویڈیو: ابرام خان بھی والد کے نقشِ قدم پر چل پڑے

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے ابرام خان اپنے والد کے نقش قدم پر چل پڑے جسے دیکھ کر شاہ رخ بھی محبت اور خوشی سے چمک اٹھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز امبانی انٹرنیشنل اسکول کی سالانہ تقریب منعقد ہوئی جس میں بالی ووڈ کے بڑے ستاروں، شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، سیف علی خان، کرینہ کپور اوردیگر نے شرکت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اسکول میں شاہ رخ خان، اشوریا رائے، سیف علی خان کے بچے زیر تعلیم ہیں جہاں اسٹارز کے بچوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اس تقریب میں شاہ رخ خان کے بیٹے ابرام کی پرفارمنس لوگوں کی توجہ کا مزکز بن گئی جسے دیکھ کر شاہ رخ بھی حیران رہ گئے، ابرام کی پرفارمنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی خوب پسند کی جارہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کہ اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے ابرام خان کہتے ہیں کہ مجھے گلے ملنا بہت پسند ہے اور پھر بیک گراوْنڈ میوزک میں شاہ رخ خان کی سُپر ہٹ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘کا میوزک چلتا ہے۔

اس بیک گراوْنڈ میوزک کے چلتے ہوئے اسٹیج پر موجود ابرام اپنے والد شاہ رخ خان کا آئیکونک اسٹائل اپناتے ہیں اور پھر اسٹیج پر موجود بچے ابرام سے گلے ملتے ہیں۔

ابرام کو اپنے آئیکونک اسٹائل میں دیکھ کر سامعین میں بیٹھے شاہ رخ خان محبت اور خوشی سے چمک اٹھتے ہیں اور بیٹے کے لیے تالیاں بجاتے ہیں۔

اس تقریب میں بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹےابرام خان کے علاوہ  اشوریا رائے کی بیٹی اور کرینا کے بیٹے تیمور نے بھی دھوم مچائی، امیتابھ کی پوتی کی دبنگ اداکاری نے سب کو حیران کردیا۔