اسرائیلی فوج نے ہزاروں فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا

اسرائیلی فوجیوں نےشمالی غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کو  حراست میں لےلیا۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کا کہنا ہے کہ اسے غزہ کے شمال سے اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں ممکنہ طور پر ہزاروں فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر حراستوں، ناروا سلوک اور جبری گمشدگیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ان میں 100 سے زائد خواتین اور لڑکیاں شامل ہیں، جن میں سے زیادہ تر کو اس وقت پکڑا گیا جب انہوں نے جنوب کی طرف جانے کی کوشش کی یا ان کے گھروں، اسپتالوں، اسکولوں اور دیگر پناہ گاہوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران لے جایا گیا۔

انسانی حقوق دفتر کا کہنا ہے کہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد میں 12 سال سے کم عمر کے بچے اور 70 سال کی عمر کے لوگ شامل ہیں۔

حراست میں لیے گئے بہت سے لوگوں کے ساتھ سنگین ناروا سلوک کیا گیا، جو بعض صورتوں میں تشدد کے مترادف ہو سکتا ہے۔ 140 خواتین اور لڑکیوں کے بارے میں مصدقہ اطلاعات بھی موصول ہوئیں جنہیں من مانی طور پر حراست میں لیا گیا اور نامعلوم مقامات پر رکھا گیا۔