جعلی دستاویزات پر نکلوائی گئی 55 لاکھ سمیں بند کردی گئیں!

بھارتی حکومت ہند نے دھوکہ دہی کی وجہ سے 55 لاکھ فون سمز بلاک کر دیے۔ سائبر فراڈ کے پیش نظرحکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا.

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تما سمز جنھیں بند کیا گیا ہے وہ جعلی دستاویزات کی بنیاد پر حاصل کی گئی تھیں۔ بھارت میں گزشتہ سالوں کے دوران سائبر فراڈ کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔

فون سمز کو استعمال کرتے ہوئے آئے روز نت نئے اور انوکھے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ ان واقعات میں شہریوں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ کچھ واقعات میں تو لوگوں کو ایک کروڑ کا چونا بھی لگایا گیا ہے۔

وزیر مواصلات دیو سنگھ چوہان نے بتایا کہ تحقیقات کے بعد جعلی شناختی کارڈ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے موبائل نمبر بند کر دیے گئے ہیں، جن کی تعداد تقریباً 55 لاکھ ہے۔ اس کے علاوہ سائبر فراڈ میں ملوث 1.32 لاکھ موبائل فونز کو بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سرکار نے فرضی دستاویزات کی بنیاد پر حاصل کیے گئے سم کارڈز کی شناخت ’سنچار ساتھی پورٹل‘ کے ذریعے کی ہے۔

لوگوں کی شکایت کے بعد حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے 13 لاکھ 42 ہزار کنکشن بلاک کر دیے ہیں۔ جعلی دستاویزات پر حاصل کردہ سمز کے ذریعے لوگوں سے فراڈ کرتے ہوئے پیسے لوٹے جاررہے تھے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ’سنچار ساتھی پورٹل‘ عوام کی سہولت کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی مدد سے چوری یا گمشدہ اسمارٹ فون آسانی سے تلاش کیا جا سکتا ہے۔