آن لائن گیم نے ہنستا بستا گھرانہ اجاڑ دیا

آن لائن گیم

بھارت میں آن لائن گیم کی لت میں مبتلا کانسٹیبل نے بیوی بچوں کو قتل کرکے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آن لائن گیم میں لاکھوں روپے نقصان کے بعد قرض ادا کرنے میں ناکامی پر اے آر کانسٹیبل نے بیوی اور دو بچوں کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

افسوسناک واقعہ ریاست تلنگانہ سدی پیٹ ضلع کے چنتا کوڈورو منڈل میں پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق 35 سالہ اکولا نریش 2013 میں اے آر کانسٹیبل کے طور پر بھرتی ہوا وہ ڈسٹرکٹ کلکٹر میں گین مین کی نوکری کررہا تھا۔

نریش کی شادی چیتینا نامی خاتون سے ہوئی، ان کے دو بچے 7 سالہ ریونت اور 5 سالہ بیٹی ہٹاشری تھی، اہلیہ نجی اسکول میں ٹیچر تھی جہاں بچے بھی زیر تعلیم تھے۔

نریش حسب معمول کام پر گیا جب واپس گھر آیا تو ساتھ میں سروس پستول بھی ساتھ لایا اس نے اسکول جانے سے قبل بیوی اور بچوں کو روکا انہیں فائرنگ کرکے قتل کردیا اور خود بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

فائرنگ کی آواز سن کر پڑوسیوں نے نریش کے بھائی سریش کو اطلاع دی، سریش نے اپنے دوست کو فون پر بتایا جب وہ وہاں پہنچا تو چاروں کی خون میں لت پت لاشیں پڑی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق نریش آن لائن گیم کھیلنے کا عادی تھا اور اسی کی وجہ سے قرض دار ہوگیا تھا۔

متوفی نے زرعی زمین بھی بیچی جس سے اسے 50 لاکھ روپے ملے لیکن قرض کی وجہ سے وہ مایوس ہوگیا اور انتہائی قدم اٹھایا۔

پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال متنقل کردیا۔