اسرائیل کو مٹ جانا چاہیے، سروے میں امریکی نوجوانوں کی رائے نے دنیا کو چونکا دیا

ہارورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے ایک سروے جاری کیا گیا ہے جس میں اسرائیل کے مٹ جانے کے حوالے سے امریکی نوجوانوں کی رائے نے دنیا کو چونکا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی پریس نے ایک سروے جاری کیا ہے جس کے مطابق امریکی نوجوانوں کی اکثریت نے رائے دی ہے کہ اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹ جانا چاہیے۔

سروے میں امریکی نوجوانوں کی اکثریت نے ’اسرائیل کو ختم کرنے‘ اور اسے فلسطینیوں کے حوالے کرنے کے خیال کی حمایت کی، انھوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو ہی فلسطین کی ساری زمین ملنی چاہیے۔

18 سے 24 سال کے نوجوانوں نے سروے میں کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں نسل کشی کر رہی ہے، 32 فی صد رائے دہندگان نے تنازع کے دو ریاستی حل پر زور دیا، سروے میں 17 فی صد حمایت کے ساتھ یہ رائے بھی آئی کہ عرب ممالک کو فلسطینیوں کو اپنے اندر جذب کرنا چاہیے۔

غزہ 74 ویں روز بھی اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے گونجتا رہا

یہ سروے ہارورڈ یونیورسٹی کے ہیرس انسٹی ٹیوٹ اور امریکن پولیٹیکل اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے کیا گیا ہے، جس میں خاص طور پر 7 اکتوبر کے واقعات کے بعد سے اسرائیلی قبضے اور فلسطین کے مسئلے پر نوجوان امریکیوں کے خیالات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ پولز سے پتا چلا کہ 18-24 سال کی عمر کے 51 فی صد امریکی نوجوان اسرائیل کو ختم کرنے کے حق میں ہیں، اس سے امریکی نوجوانوں کے جذبات میں نمایاں تبدیلی کی نشان دہی ہوتی ہے۔

60 فی صد سے زیادہ نوجوان امریکیوں کا خیال تھا کہ حماس کا حملہ جائز تھا اور یہ فلسطینیوں کی مشکلات کا نتیجہ تھا، اور اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے، سروے میں تقریباً 67 فی صد نوجوانوں نے کہا کہ یہودی ’ظالم‘ ہیں۔