نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کے آئندہ سال سے شروع ہونے والے دورہ نیوزی لینڈ میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

لاہور میں چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے رکن کمیٹی کامران اکمل کے ہمراہ 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا جس کے مطابق نیوزی لینڈ میں مختصر دورانیے کی سیریز میں ٹیم کی قیادت شاہین شاہ کریں گے۔ بطور قومی کپتان یہ اسٹار فاسٹ بولر کا پہلا اسائنمنٹ ہوگا۔

اسکواڈ میں بابراعظم، محمد رضوان، افتخاراحمد، صائم ایوب، فخر زمان، حارث رؤف، محمد نواز، وسیم جونیئر، اسامہ میر، زمان خان اور عامرجمال شامل ہیں۔

فاسٹ بولرعباس آفریدی کو پہلی بار پاکستان ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، نوجوان حسیب اللہ کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر صاحبزادہ عرفان بھی نیوزی لینڈ جائیں گے۔

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیسٹ کپتان شان مسعود، فہیم اشرف اور محمد حارث جگہ نہیں پا سکے ہیں جب کہ آل راؤنڈر شاداب خان کو بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

ٹیم کے اعلان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ شاداب خان فٹنس مسائل کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے ہیں۔ نسیم شاہ، حسنین ان فٹ تھے تاہم انہوں نے ریکور کیا ہے جب کہ احسان اللہ کو فٹ ہونے میں تھوڑا ٹائم لگے گا۔

چیف سلیکٹر نے دورہ آسٹریلیا میں انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہ کھیلنے والے اسپنر ابرار احمد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہوسکتا ہے ک ابرار احمد اگلے ٹیسٹ کے لیے بھی دستیاب نہ ہوں جب کہ احسان اللہ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس کے پی ایس ایل میں شرکت سے متعلق بھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے یہی امید ہوتی ہے کہ کامیابی ملے گی اور ہمیں بھی امید ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیم کامیابی حاصل کرے گی۔

اس موقع پر رکن سلیکشن کمیٹی کامران اکمل نے عمر اکمل کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ عمر اکمل اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ہی ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ان دنوں تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی وہیں سے نیوزی لینڈ کے لیے اڑان بھرے گی جب کہ باقی کھلاڑی وطن واپس آ جائیں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیزیز کا آغاز 12 جنوری سے ہوگا۔