پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کالے کرتوتوں کی وجہ سے جیل میں ہے، شرجیل میمن

پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کالے کرتوتوں کی وجہ سے جیل میں ہے، شرجیل میمن

حیدر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے جیل میں ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں شرکیل میمن نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن ہونے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی شروع سے ہی الیکشن وقت پر کروانے کی بات کر رہی تھی، بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا الیکشن میں تاخیر پر سمجھوتا نہیں، جس کو مینڈیٹ ملے وہ عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت ملک اور اداروں کے خلاف سازشیں کر رہی تھی، عوام کو کوئی دلچسپی نہیں کون جیل جا رہا ہے کس سے بدلہ لینا ہے، عوام چاہتے ہیں ہمیں مشکلات سے نکالا جائے۔

متعلقہ: کچھ سیاسی جماعتیں الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہیں، شرجیل میمن

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری واحد لیڈر ہیں جو سب کو ساتھ بٹھا سکتے ہیں، پیپلز پارٹی عوام کو جوڑنے اور عوام کیلیے کام کرنے کی بات کرتی ہے، بلاول بھٹو زرداری وژن دے رہے ہیں لاکھوں گھر بنائیں گے اور تنخواہ بڑھائیں گے، عوام شعور کے ساتھ پیپلز پارٹی کو منتخب کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک لیڈر جیل میں ہے سہولت مانگ رہا ہے کہ باہر جانے دیا جائے، ایک پارٹی کہتی ہے ایٹم بم ہم نے دیا اور سی پیک بھی ہم نے شروع کیا، شکر ہے وہ پارٹی یہ نہیں کہتی کہ پاکستان بھی ہم نے بنایا، سروے آ رہے ہیں اس وقت پیپلز پارٹی سب سے پسندیدہ جماعت ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام لسانیت و لڑائی جھگڑے کی سیاست میں نہیں آئیں گے، بلاول اور آصفہ کی نشستوں کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا، پیپلز پارٹی وفاق کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی، پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے والوں کے پاس بتانے کیلیے کچھ نہیں۔