نگراں حکومت میں توسیع کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں، وزیر اطلاعات

الیکشن کیلیے حالات ماضی سے زیادہ خراب نہیں ہیں، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت میں توسیع کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔

تفصیلات کے مطابق مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں واضح ہے ملک منتخب نمائندے ہی چلائیں گے۔ آئین میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ نگراں حکومت کو توسیع دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل آئین اور جمہوریت سے وابستہ ہے۔ انتخابات کی تاریخ دینا اور تبدیلی کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔

الیکنش کے حوالے سے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے واضح اعلان کیا ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ انتخابات کی تاریخ پر کوئی شک وشبہ نہیں ہونا چاہیے۔