2024 میں دنیا بنے گی انتخابی دنگل، نصف آبادی ووٹ ڈالے گی

آئندہ سال 2024 میں صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے ایک بڑے حصے 78 ممالک میں انتخابات کا انعقاد ہوگا اور نصف سے زائد آبادی حق رائے دہی استعمال کرے گی۔

پاکستان میں آئندہ سال 8 فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں جس کے لیے انتخابی عمل اور سیاسی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں تاہم پاکستان واحد ملک نہیں جہاں 2024 انتخابی سال ہے بلکہ دنیا کے نقشے پر موجود 78 ممالک میں انتخابات کا میدان سجے گا جہاں 83 قومی سطح یا دیگر انتخابات کرائے جائیں گے۔

ان 78 ممالک میں آباد 4.2 ارب سے زائد لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جو دنیا کی کُل آبادی کا نصف سے زائد ہے۔

اس حوالے سے غیر ملکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں انتخابات کا یہ سلسلہ جنوری کے پہلے ہفتے میں شروع ہو جا ئے گا اور اس دوران ایشیائی ممالک کے شہری سب سے زیادہ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے دیکھ جا سکیں گے۔

جنوری میں بنگلا دیش جبکہ فروری میں پاکستان اور انڈونیشیا میں انتخابات ہوں گے جبکہ مئی میں بھارت اور جنوبی افریقا میں بھی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔

امریکا اور روس میں بھی صدارتی الیکشن 2024 میں ہوں گے جبکہ جی 7 اور جی 20 میں شامل کچھ ممالک میں بھی اگلے سال الیکشن ہوں گے۔ اس کے علاوہ 2024 میں افریقی ممالک الجیریا، گھانا، چاڈ، تونیسیا، نمیبیا اور روانڈا سمیت دیگر ممالک میں بھی الیکشن شیڈول ہیں۔

یورپ میں بھی اگلے 12 مہینوں میں 10 سے زیادہ پارلیمانی اور صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں جہاں فن لینڈ، بیلاروس، پرتگال، یوکرین، سلواکیہ، آئس لینڈ، بیلجیئم، یورپی پارلیمنٹ، کروشیا، آسٹریا، جارجیا اور رومانیہ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق برازیل اور ترکیہ جیسے کچھ ملکوں میں عام انتخابات نہیں ہوں گے لیکن یہاں مقامی یا بلدیاتی انتخابات ہوں گے جس میں پورا ملک حصہ لے گا۔ اسی طرح یورپی یونین کے 27 رکن ممالک بلاک کی اگلی پارلیمنٹ کا انتخاب کریں گے۔

واضح رہے کہ اس کے بعد انتخابات کا یہ عالمی میلہ دنیا میں 2048 میں دوبارہ دیکھنے کو مل سکے گا۔