ویڈیو: ٹریفک رش سے بچنے کے لیے ڈرائیور نے گاڑی دریا میں ڈال دی، پھر کیا ہوا؟

شملہ: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شمالی بھارت کے دریا میں ایک گاڑی چل رہی ہے، ڈرائیور نے رش سے بچنے کے لیے یہ عجیب و غریب حرکت کر ڈالی تھی جو اسے مہنگی پڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ہماچل پردیش کے ضلع لاہول اسپیتی میں ایک سیاح نے سڑکوں پر گاڑیوں کے بے پناہ رش سے بچنے کے لیے اپنی ایس یو وی گاڑی دریائے چندرا میں ڈال دی، اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں تعطیلات کے موسم میں بڑی تعداد میں سیاح پہاڑی علاقے کا رخ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے مشہور مقامات سمیت کئی علاقوں میں بھاری ٹریفک چل رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جب علاقہ مکینوں کو معلوم ہوا تو انھوں نے اس پر شدید تنقید کی، بعد ازاں پولیس نے بھی ایس یو وی کے ڈرائیور کو ٹریک کر کے اس کا چالان جاری کر دیا۔ علاقے کے ایس پی نے بیان میں کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے مذکورہ مقام پر پولیس اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق اتوار کو تقریباً 65,000 لوگوں نے 12,000 گاڑیوں میں 9.2 کلو میٹر طویل اٹل ٹنل کو عبور کیا۔